خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا ازالہ کرنا اور انھیں سہولیات و ریلیف فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی متحرک قیادت میں صوبائی حکومت عوامی خوشحالی، شفاف طرزِ حکمرانی اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جسکا مقصد عوامی بنیادی ضروریات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔وہ حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر کا دورہ کرنے کے سلسلے میں اتوار کے روز پبلک ڈے کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر عوامی وفود سے ملاقاتیں کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی کے 26 اور ضلع بونیر کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود نے صوبائی وزیر سے ملاقاتیں کیں اور انہیں درپیش مسائل کے حوالے سے اپنے معروضات پیش کیئے۔صوبائی وزیر نے عوام کی باتیں نہایت توجہ سے سنیں اور متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں اور افسران کو موقع پر ہی واضح احکامات جاری کیے۔ سید فخرجہان نے کہا کہ عوامی مسائل میں تاخیر یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک ڈے کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دینا ہے تاکہ لوگوں کے مسائل بلاواسطہ سن کر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں تیزی لائی جائے۔سید فخرجہان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی پہلو سے محکموں کی جانب سے تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔انھوں نے کہا کہ صوبے اور بونیر کے عوام کی خدمت ان کی ذمہ داری ہے اور بطور عوامی نمائندہ وہ اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
