خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی زیرِ صدارت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حیات آباد پشاور میں صوبہ بھر میں ٹیکس ریکوری کے حوالے سے ششماہی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس،ڈائریکٹرز اور ایکسائز و ٹیکسیشن آفیسرز نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو مختلف صوبائی ٹیکسیشن کی مدوں میں پشاور شہر اور صوبے کے دیگر تمام اضلاع کے حوالے سے ماہ دسمبر اور ششماہی محصولات کے حوالے سے تفصیلات اوراعدادوشمار پیش کیئے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز نے شہر پشاور کے مختلف ایکسائز و ٹیکسیشن کے دفاتر اور اضلاعی افسران کو اعدادوشمار کے متعین اہداف سے بڑھ کر ریونیو حاصل کرنے کیلئے کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ ٹیکسیشن کا دائرہ بڑھانے اور اس کے نٹ میں قانون کے مطابق نئے یونٹس کو شامل کرنے کیلئے محکمہ کے افسران اور عملہ اپنی متعین ذمہ داریاں فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ افسران اس بات میں نہ پڑیں کہ متعین ہدف پورا ہوگیا بلکہ اپنے فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں تاکہ ٹیکسیشن کو توقع کے مطابق زیادہ بڑھایا جاسکے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں کسی کی جانب سے کوئی پہلو تہی قبول نہیں ہوگی۔سید فخرجہان نے کہا کہ آئندہ چھ مہینوں کے دوران محکمہ کے مختلف ایکسائز دفاتر اور اضلاع سے آنی والے اعداد و شمارانکی توقع کے مطابق مزید بڑھانی ہوگی تاکہ قومی خزانے کو اس سال اپنے متعین اہداف سے زائد آمدنی فراہم کی جاسکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس ضمن میں کارکردگی کا ماہانہ اجلاس سیکریٹری ایکسائز کی صدارت میں منعقد ہوگا جبکہ اپریل میں صوبائی وزیر ایکسائز دوبارہ ٹیکس کولیکشن کا جائزہ لیں گے۔
