منشیات کے خلاف محکمہ ایکسائز کی بڑی کارروائیاں،6000 گرام چرس، سینکڑوں نشہ آور گولیاں اور جعلی کرنسی برآمد، متعدد ملزمان گرفتار

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کی جانب سے خیبر اور پشاور کے اضلاع میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات، نشہ آور گولیاں اور جعلی کرنسی برآمد کر لی گئی۔ کارروائیوں میں مرکزی ملزم سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے۔انسداد منشیات کے حوالے سیصوبائی حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کے ہدایات کی روشنی میں محکمہ کی جانب سے جاری کاروائیوں کے تسلسل میں تھانہ ایکسائز پشاور کے ایس ایچ او ڈاکٹر حمیداللہ خان کی نگرانی میں سید شیر شاہ انسپکٹر اور دیگر اہلکاروں نے باڑہ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر تلاشی لی، جس کے نتیجے میں 3600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ایکسائز پولیس کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اسے موقع پر قابو کر لیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ایکسائز پشاور میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔دوسری کارروائی میں تھانہ ایکسائز خیبر کی ٹیم نے کارخانوں چیک پوسٹ کے قریب منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2400 گرام چرس برآمد کر لی۔ محکمہ کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اسی طرح تھانہ ایکسائز خیبر میں درج علت نمبر 25/23 میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق مورخہ 6 دسمبر 2025 کو فیصل خان سرکل آفیسر کی سربراہی اور ماجد حسین ایس ایچ او تھانہ ایکسائز خیبر کی قیادت میں کارخانوں مارکیٹ پشاور میں ایک دکان پر چھاپہ مارا گیا تھا، جہاں سے 208 عدد نشہ آور گولیاں (187 گرام) برآمد کر کے ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں تفتیش کے دوران اس مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم آصف ولد عبدالکریم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔کارخانوں پھاٹک، خیبر کے حدود میں بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن کے پراوینشل انچارج سعود خان گنڈاپور کی نگرانی میں فخر عالم خان انسپکٹر نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے رہائشی نوجوان حمزہ شریف ولد شریف کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 240 عدد نشہ آور ایچ ٹی سی گولیاں (153 گرام) برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اسی طرح ایک اور کارروائی میں تھانہ ایکسائز خیبر کے ایس ایچ او ماجد حسین کی قیادت میں ٹیم نے دوران ناکہ بندی ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تلاشی لی، جس کے دوران ایک لاکھ روپے کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی۔ بعد ازاں ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے جمرود کے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر
دیاگیا۔

مزید پڑھیں