خیبرپختونخوا حکومت عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم ہے، سید فخرجہان

خیبرپختونخوا کے وزیربرا ئے ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقائی تعمیر و ترقی کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پارٹی منشور کے مطابق عوامی مسائل کے فوری اور پائیدار حل کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے تحت عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت اور سرپرستی میں صوبائی حکومت صوبے بالخصوص پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاحی منصوبوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر میں پبلک ڈے کے موقع پر کیا، جہاں صوبائی وزیر نے مصروف دن گزارا۔صوبائی وزیر سے ان کی رہائش گاہ پر بونیر اور پی کے 26 سے تعلق رکھنے والے متعدد عوامی وفود نے ملاقاتیں کیں اور اپنے درپیش مسائل و معروضات پیش کیں۔
صوبائی وزیر نے عوام کی باتیں نہایت توجہ سے سنیں اور متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں اور افسران کو موقع پر ہی واضح اور ضروری احکامات جاری کیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سید فخرجہان نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے عوامی خدمت اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں غفلت یا کوتاہی ناقابل قبول ہے، کیونکہ سرکاری و قومی اداروں کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور انہیں بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جائے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات عام شہری تک پہنچائیں

مزید پڑھیں