خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے بدھ کے روز محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کے نئے تعینات ہوئے والے سرکل آفیسرز اور ایکسائز تھانوں کے سٹیشن ہاؤس آفیسرز کیساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول عبد الحلیم خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے محکمہ کے افسران سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کے فیلڈ افسران کسی بھی سطح پر کسی سمجھوتے کے بغیر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری کیساتھ ادا کرتے ہوئے معاشرے سے منشیات کے ناسور کو ختم کرنے کے عظیم کام اور جدوجہد میں اپنی فرائض احسن انداز میں ادا کریں۔انھوں نیکہا کہ ایکسائز سرکلز اور تھانوں میں نئی تعیناتی پانے والے افسران کو خالص میرٹ اور ان افسران کی اچھی ساکھ کے بنیاد پر نئی ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں اور امید ہے کہ نئے تعینات افسران اپنے محکمے کیلئے ایک نیک نام کمائیں گے اور اپنی بہترین کارکردگی کے بنیاد پر محکمے کی ایک مثبت تصویر سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انھوں نے کہاکہ ایس ایچ اوز اور سرکلز آفیسرز صوبے سے آئس کے ناسور کو ختم کرنا ایک امتحان اور چیلنج کے طور پر لے لیں اور انکے لیئے ایک مہینہ کا ٹارگٹ دیاگیا ہے جس کے بعد انکی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ منشیات سے حاصل کی جانے والی آمدنی(Norcomony) میں ملوث عناصر پوری قوم اور پختون نسل کی نسل کشی پر تلے ہوئے ہیں لہذا اس فعل اور لین دین میں ملوث مافیاز،ڈیلرز اور سمگلرز سے کبھی بھی محکمہ کے افسران نے سمجھوتہ نہیں کرنا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمے کے امیج میں بہتری اور اس کو خراب کرنا محکمے کے اپنے ہی افسران اور اہلکاروں کے ہاتھ میں ہے لہذا وہ اپنے شعبے کی شہرت اور امیج کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔انھوں نے مختلف سرکلز اور تھانوں کے ذمہ داروں کے مابین ایک داخلی اطلاعاتی میکنزم اپنانے کی ہدایت کی تاکہ انکے مابین ایک دوسرے کے حدود میں ٹارگیٹڈ کیسز کے حوالے سے موثر روابط موجود ہوں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تھانوں کے مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ ایکسائز تھانوں کی تعداد کو بھی بڑھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے افسران کی تجویز پر انٹی نارکوٹکس کیلئے خصوصی پراسیکیوٹرز کی فراہمی اور سپیشل کورٹس کے قیام کیلئے متعلقہ حکام سے معاملہ اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
