خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کا بانی قوم قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت پر خراجِ عقیدت

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے بانی قوم قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ25 دسمبر کیتاریخی یوم کی نسبت ہمیں اُس عظیم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں بابائے قوم کی قیادت میں برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خودمختار مملکت نصیب ہوئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یقیناً آزادی کی اس نعمت کی قدر وہی اقوام زیادہ محسوس کرتی ہیں جو آج بھی آزادی سے محروم ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بابائے قوم کا یومِ ولادت ہمیں اس عظیم جدوجہد کے تسلسل میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے کہ ہم اس ملک کو دنیا کے نقشے پر ایک عظیم، باوقار اور بااثر ریاست کے طور پر ابھاریں۔ آج کے حکمرانوں، عوامی نمائندوں اور اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایمانداری، دیانت اور قانون کی بالادستی کے ساتھ قوم کی توقعات پر پورا اتریں، اور ملکی ترقی کیلئے اپنی حیثیت میں اپنی ذمہ داریاں اور فرائض ادا کریں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم اس پاکستان کی تکمیل اور قاید کی امنگوں کے مطابق حقیقی آزادی کے لیے کام کریں گے جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا،ایک ایسا پاکستان جو عدل، میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کی بنیاد پر کھڑا ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اپنے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت اسی حقیقی آزادی، خودداری اور آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد کو آگے بڑھا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ہمیں قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

مزید پڑھیں