خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے کہا ہے کہ بنیادی عوامی مسائل کا ازالہ کرنا اور عوام کو ہر طرح سے ریلیف و سہولت فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی سرپرستی میں عوامی خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھانا اور عوامی بنیادی ضروریات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری حکومت کا بنیادی محور و مقصد ہے۔وہ حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر کے دورے کے دوران پبلک ڈے کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر عوامی وفود سے ملاقاتیں کر رہے تھے۔اس موقع پر پی کے 26 اور ضلع بونیر کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود نے صوبائی وزیر سے ملاقاتیں کیں اور انہیں درپیش مسائل کے حوالے سے اپنے معروضات پیش کیئے۔صوبائی وزیر نے عوام کی باتیں نہایت توجہ سے سنیں اور متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں اور افسران کو موقع پر ہی واضح احکامات جاری کیے۔ سید فخرجہان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی امنگوں کے مطابق صوبے کے عوام کی ترقی اور انھیں سہولیات بہم پہنچانے پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے تاخیر یا غفلت نہیں ہونی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ پبلک ڈے کا مقصدعوام کے پاس جاکرلوگوں کے مسائل بلاواسطہ سن کر انھیں ریلیف پہنچانا ہوتا ہے تاکہ اس سلسلے میں فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔سید فخرجہان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی پہلو سے محکموں کی جانب سے تاخیر قبول نہیں۔انھوں نے کہا کہ صوبے اور بونیر کے عوام کی خدمت ان کی ذمہ داری ہے اور بطور عوامی نمائندہ وہ اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔دریں اثناء صوبائی وزیر سے ماربل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ملاقات کی اور انھیں اپنے کاروبار اور صنعت کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے وفد کے شرکاء کو اپنی طرف سے ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں صنعت کاری اور کاروبار کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور یہ حکومت کا عزم ہے کہ یہاں پر کاروباری اور صنعت کے طبقات کو آسانیاں اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
