صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان سے آل پاکستان کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان سے انکے دفتر میں آل پاکستان کار ڈیلرز ایسوسی ایشن آف سمال ٹریڈرز کے وفد نے مرکزی چیئرمین حاجی بخت میر جان درانی کی سربراہی میں ملاقات کی۔وفد میں صوبائی صدر حاجی محمد اسلام اور صوبائی جنرل سیکریٹری معزاللہ خان بھی شامل تھے۔ ملاقات میں صوبے میں چھوٹی گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل، محکم? ایکسائز و ٹیکسیشن کے امور اور محصولات سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کے شرکائ نے صوبائی وزیر کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت اور اہم محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے محکمے کی کارکردگی میں بہتری، کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی اور محصولات میں اضافے سے متعلق متعدد تجاویز بھی پیش کیں۔صوبائی وزیر سید فخر جہان نے وفد کی مفید آرائ کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمے کی تیز رفتار ترقی اور شفاف نظام کے قیام کیلئے واضح حکمتِ عملی طے کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے گڈ گورننس کو فروغ، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور محکمانہ شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن میں عملے اور افسران کی جانب سے عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کو بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں غلط طرزِ عمل کا خاتمہ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں