عوامی شکایت پر وزیر ایکسائز سید فخر جہان کا فوری ایکشن

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے محکمہ ایکسائز کے حوالے سے منعقدہ پبلک ڈے کے موقع پر پشاور میں پیر زکوڑی پل کے مقام پر ایکسائز پولیس سٹیشن سکواڈ کے بعض اہلکاروں کے خلاف شہریوں سے مبینہ رشوت وصول کرنے کی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔پبلک ڈے کے دوران سائلین نے موقع پر ہی مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کی نشاندہی کی جس پر صوبائی وزیر کی ہدایت پر متعلقہ اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے کی شفاف اور جامع انکوائری شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر سید فخر جہان نے اس حوالے سے واضح کیا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول میں کرپشن اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے کرپشن فری اور ڈرگ فری خیبرپختونخوا کے وژن کی روشنی میں محکمہ کے اندر کسی قسم کی بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و جھجک محکمہ سے متعلق اپنی شکایات درج کروائیں، جن پر من و عن اور فوری کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ کے تمام افسران اور اہلکار عوام کے ساتھ شائستہ، مہذب اور باوقار رویہ اختیار کریں اور“پہلے سلام، پھر کلام”کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محکمہ کی جانب سے سہولیات کی فراہمی باوقار اور احسن طریقے سے کی جائے گی، کسی شہری کو بلاوجہ تنگ نہیں کیا جائے گا اور اگر کوئی اہلکار قانون کی خلاف ورزی یا ناجائز سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس ضمن میں ان کے خلاف کاروائی قواعد و ضوابط کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں