پی ٹی آئی غریب عوام کی واحد امید ہے،سید فخر جہان

خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں غریب عوام میں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئے روز عوام آئین و جمہوریت کی بقا اور عوامی مسائل کے خاتمے کی خاطر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے اس ملک کے پسے ہوئے طبقات کی ترقی،خودمختاری اور حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے اور ناکام ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کی ان سے محبت کوئی کم نہیں کرسکتا۔صوبائی وزیر نے یہ گفتگو یونین کونسل باندیڑ بونیر کے سرکردہ سیاسی ورکرز کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب میں تحصیل ناظم بابائے چغرزئی حاجی محمد شریف خان، علاقے کے معتبرین اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔تقریب کے دوران جنرل کونسلر سیف اللہ، حافظ خان، انور اللہ، بخت زادہ باچہ نے جمعیت علمائے اسلام؛ شیر رحمان نے جماعت اسلامی؛ جبکہ محمد جبین باچہ نے عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔صوبائی وزیر نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو روایتی طور پر پارٹی ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر سید فخر جہان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے نظریے، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے کے باعث ہر طبقے کا اعتماد حاصل کر چکی ہے۔آج ملک بھر کے نوجوان، مزدور،کاشتکار،غرض ہر متوسط طبقہ پی ٹی آئی کو اپنی واحد امید سمجھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا ہے اور یہی بیداری نئے پاکستان کی بنیاد ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے تمام کارکنان کو عزت و احترام دیا جائے گا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اس ملک میں حقیقی تبدیلی اور انصاف کے نظام کے قیام کے لیے متحد ہیں۔انھوں نے کہا کہ بانی عمران خان سے خائفوں نے انھیں قید ناحق میں رکھا ہوا ہے تاہم انکی یہ جبر کب تک رہے گی۔یہ عمران خان کا کچھ نہیں کرسکے اور نہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں