خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اور نجی ریہیب ادارے “د حق آواز” کا ایک مشترکہ اجلاس ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حیات آباد پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس،محکمہ کے اعلی اور اینٹی نارکوٹکس ونگ کے افسران اور مزکورہ ریہیب ادارے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انھیں معاشرے کے مفید شہری بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا اور اس ضمن میں یہ طے پایا کہ محکمہ ایکسائز خصوصی طور پر پشاور شہر اور صوبے کے دیگر علاقوں سے نشئی افراد کو لیکر “د حق آواز” ریہیب ادارے کے حوالے کرے گی جہاں پر ان افراد کی باقاعدہ طبی علاج اور بحالی کا انتظام کیا جائے گا۔محکمہ ایکسائز ابتدائی طور پر 100 افراد پہنچانے کیلئے مذکورہ ادارے کیساتھ مفت علاج اور بحالی اقدامات اٹھانے کیلئے عنقریب مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کرے گا۔اس موقع پر صوبائی ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس سید فخرجہان نے کہا کہ یہ اقدام انسانیت کی بھلائی کیلئے ایک عظیم کار خیر ہے کیونکہ ہم نے مخلوق خدا کی فلاح کیلئے کوششیں کرنی ہے جو بطور مسلمان ہمارا فریضہ ہے۔انھوں نے ادارے کی جانب سے نشئی افراد کی بحالی کیلئے محکمہ ایکسائز کیساتھ مشترکہ کوششوں کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ بحالی کے بعد ان لوگوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ پر بھی غور کیا جائے تاکہ انھیں بری صحبتوں کے اثرات اور معاشرے میں اس عفریت سے بچایا جاسکے اور وہ دوبارہ اس لعنت میں نہ پڑیں۔
