خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے تحت گاڑیوں کی من پسند چوائس نمبر پلیٹس کے منفرد منصوبے کی دوسری نیلامی میں خواہشمند بولی دہندہ گان نے قومیتی اور علاقائی ناموں کے نمبرز پر کروڑوں روپے کی شاندار بولی لگا دی۔ایک ہی روز میں 47 کروڑ اور 3 لاکھ روپے کی مجموعی بولی دی گئی جس میں کل 30 نمبرات شامل تھے۔
ارینا ہال،قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقدہ نیلامی میں سب سے زیادہ بولی ”داوڑ 1” چوائس نمبر پلیٹ پر 17 کروڑ اور 50 لاکھ روپے دی گئی جسے انضمام الحق نامی شہری نے خریدا۔
دوسری بڑی بولی ”اورکزئی 1” نمبر پلیٹ پر دی گئی جسے سابق سنیٹر اور ایم پی اے اورنگزیب خان نے 4 کروڑ اور 10 لاکھ روپے میں خریدا۔
”وزیرستان 1” نمبر پلیٹ 4 کروڑ اور 6 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی جسے فیض الرحمان نے خریدا جبکہ ”مہمند 1” چوائس نمبر پلیٹ 3 کروڑ اور 21 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔
نیلامی کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم خان،دیگر ڈائریکٹرز اور محکمہ ایکسائز کے افسران نے شرکت کی جبکہ خواہشمند بڈرز نے بولی میں غیر معمولی دلچسپی لی۔
نیلامی میں ”باجوڑ 1” نمبر پلیٹ 3 کروڑ اور 35 لاکھ روپے میں عباس شاہ نے خریدی جبکہ ”خیبر 1” نمبر پلیٹ 2 کروڑ اور 1 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی جو حاجی اختیار محمد نے خریدی۔
اسی طرح ”محسود 1” نمبر پلیٹ 2 کروڑ اور 20 لاکھ روپے میں عباس خان محسود نے حاصل کی جبکہ ”گجر 1” نمبر پلیٹ 1 کروڑ اور 63 لاکھ روپے میں رضا خان گجر نے خرید ی۔
”پشتون 1” نمبر پلیٹ 1 کروڑ اور 32 لاکھ روپے میں امیر اللہ نامی شہری نے خرید ی۔
”بونیر 1” چوائس نمبر پلیٹ 95 لاکھ میں ملک اسد خان،”مردان 1” حافظ شیر رحمان نے 68 لاکھ اور ”دیر 1” محمد طاہر خان نے 67 لاکھ میں خرید یں۔
”جدون 1” سمیع اللہ نے 71 لاکھ اور ”خلیل 1” گل زیب نے 65 لاکھ میں خریدا۔ ”خٹک 1” محمد فیضان نے 61 لاکھ روپے جبکہ ”تاج 1” فیاض احمد خان نے 42 لاکھ روپے میں خرید یں۔
”کوہاٹ 1” نمبر پلیٹ 43 لاکھ روپے، ”شیخ 1” کا نمبر 27 لاکھ روپے، ”سوات 1” نمبر پلیٹ 30 لاکھ روپے،”ایبٹ آباد 1” نمبر پلیٹ 17 لاکھ، ”مروت 1” نمبر پلیٹ 26 لاکھ روپے اور ”سید 1” نمبر پلیٹ 33 لاکھ میں فروخت ہوئی جبکہ ”کلاچی 1” نمبر پلیٹ پر 25 لاکھ روپے کی بولی لگی۔
نیلامی میں شامل دیگر نمبرات پر بھی شہریوں نے خاطر خواہ بولی لگائی جبکہ پورے عمل میں عوامی جوش و خروش اور بھرپور شرکت نے صوبائی وزیر ایکسائز سید فخرجہان کے آئیڈیا پر شروع کئے گئے اس منفرد منصوبے کی مکمل کامیابی کو واضح کر دیا۔
مذکورہ منفرد اور عوام دوست اقدام محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کی جدید اصلاحات کا حصہ ہے، جو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے وژن، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت اور صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرِجہان کی سرپرستی میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔خواہشمند شہریوں کیلئے پسندیدہ نمبرزکے حوالے سے آئندہ بھی نیلامی منعقد کی جائے گی۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرِجہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چوائس نمبر پلیٹس کا یہ منصوبہ ایک منفرد اور عوام دوست اقدام ہے، جو الحمدللہ عوام کی بھرپور دلچسپی کے باعث کامیاب رہا۔
انہوں نے کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی درخواست اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید من پسند چوائس نمبر پلیٹس کی بڈنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول آئندہ بھی عوامی سہولت، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی ایسے مزید اقدامات جاری رکھے گا۔
