محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا نے کوہاٹ میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کر کے مؤثر کاروائیاں شروع کر دی ہیں۔ گزشتہ روز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر، رحمان الدین کی خصوصی ہدایات پرپراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی کرنے والے افراد کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس ضمن میں شہر کے مختلف اہم علاقوں میں چھاپے مارے گئے اور قانون کی پاسداری نہ کرنے والے متعدد تجارتی و رہائشی یونٹس کو سربمہر کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران مین بازار، مرغ منڈی، میاں خیل اور محلہ سنگھیڑ میں واقع مختلف یونٹس کو نشانہ بنایا گیا تاکہ ٹیکس کی وصولی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے واضح پیغام بھیجا جا سکے۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قانونی کارروائی، جرمانے یا زحمت سے بچنے کیلئے اپنے بقایا پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں۔ محکمہ شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ ٹیکس کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز نہ کریں تاکہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
