محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے تعاون سے یاسمین بی بی گرلز ڈگری کالج پیر سعادی تخت بھائی مردان میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینار، سو سے زائد طالبات کی شرکت

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے تعاون سے یاسمین بی بی گرلز ڈگری کالج پیر سعادی تخت بھائی مردان میں ایک مؤثر اینٹی ڈرگ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طالبات کو منشیات کے مضر اثرات، ان کی اقسام، پھیلاؤ کی وجوہات، تعلیمی و سماجی نقصانات اور انسداد کے عملی اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔تقریب میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر خالد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں طالبات کو منشیات کے جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ منشیات نہ صرف فرد کی صحت اور مستقبل کو تباہ کرتی ہیں بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کے لیے سنگین مسائل پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل منشیات سے مکمل اجتناب کریں اور اپنے اردگرد آگاہی پھیلانے میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں، تاہم اس ناسور کے مکمل سدباب کے لیے والدین، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔سیمنار میں سو سے زائد طالبات نے شرکت کی جبکہ طالبات نے آگہی کے حوالے سے مفید سوالات کیے جن کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔ اس موقع پر طالبات کی جانب سے آگاہی پوسٹرز اور پیغامات بھی پیش کیے گئے جن میں Say No to Drugsکے موضوع کو اجاگر کیا گیا۔کالج کی پرنسپل میڈم ہلال بی بی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ طالبات کی اخلاقی و سماجی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ وہ ایک ذمہ دار اور باکردار شہری کے طور پر معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔تقریب کے دوران منتخب رضاکار طالبات کو باقاعدہ اینٹی ڈرگ ایمبیسیڈرز کے بیجز لگائے گئے جو دیگر تعلیمی اداروں میں بھی آگاہی مہم چلائیں گی۔ آخر میں کالج کے ڈائریکٹر محمد فدا حسین نے مہمانِ خصوصی کو شیلڈ پیش کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا، جبکہ طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ارد گرد معاشرے اور خاندانوں میں منشیات کے خلاف آگاہی میں موثر کردار ادا کریں گی۔

مزید پڑھیں