خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان نے جمعرات کے روز حیات آباد پشاور میں روڈ کی بندش اور محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کے حوالے سے ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی شکایت ملنے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ کے اہلکاروں کی معطلی کے احکامات جاری کئے ہیں۔صوبائی وزیر کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے ملوث اہلکاروں کی معطلی کے باقاعدہ احکامات بھی جاری کیئے ہیں اورکہا ہے کہ اس ضمن میں شفاف انکوائری عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی ایکسائز نے صوبائی وزیر کی ہیدایت پر ناخوشگوار واقعے میں مبینہ طور پر ملوث اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد ابوزر، بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن بمعہ اسکواڈ کی خدمات فوری طور پر معطل کرتے ہوئے انہیں ڈائریکٹوریٹ جنرل پشاور کلوز کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حکومت عوام کیلئے ہی ہوگی اور محکمہ ایکسائز میں عوام کی شکایات پر انشاللہ بروقت ایکشن لے کر اس کا ازالہ کیا جائے گا۔انھوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا وزیر آپ کیساتھ ہے اور جس طرح بانی چیئرمین عمران اور وزیر اعلی کا ویژن ہے اسی طرح عوام کی کوئی شکایت ایسی نہیں رہے گی جس پر کارروائی نہ ہو۔
