تیل قیمتیں نومبر 2021 کے بعد سے کم ترین سطح پر ہیں جبکہ دوسری طرف ملک میں گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گیس قیمتوں سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل قیمتیں نومبر 2021 کے بعد سے کم ترین سطح پر ہیں اب 58.6 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہی ہیں جبکہ دوسری طرف ملک میں گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گزشتہ روز اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ اوگرا نے ایک روز قبل گیس قیمت میں 8 فیصد کمی کی منظوری دی لیکن اچانک اپنا فیصلہ بدل کر 7 فیصد اضافہ کر دیا اچانک اوگرا یوٹرن سے لوگ حیرت اور صدمے میں ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایکسپورٹرز پہلے ہی اپنی غیر مسابقتی حیثیت پر چیخ رہے ہیں اور وزیرِ اعظم نے کاروبار لاگت کم کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی ہے کیا یہ ظاہر نہیں کرتا کہ ہماری قابل اتھارٹی کتنی اہل ہے۔ ایک دوسرے بیان میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے پاکستانی بینکوں میں جمع کرانے کی بجائے نقدی رکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 11 کھرب روپے سے زائد رقم بینکاری نظام سے باہر کرنسی اِن سرکولیشن میں ہیں جو آئی ایم ایف رپورٹ میں شناخت شدہ 5.3 کھرب روپے کی کرپشن سے دو گنا سے زیادہ ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ کرنسی اِن سرکولیشن میں پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔نقدی رکھنے کی ایک اور وجہ ملک میں بلند ٹیکس شرح بھی ہوسکتی ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ حکومتی ڈیجیٹل لائزیشن کی مہم کسی کام کی ثابت نہیں ہو رہی۔

مزید پڑھیں