خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر پشاور کے مختلف علاقوں میں مضرِ صحت اور غیر معیاری مصالحہ جات اور جعلی ٹماٹر کیچپ تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ملاوٹی اشیاء ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کے دوران ایک مصالحہ جات تیار کرنے والی یونٹ سے 400 کلوگرام ملاوٹی مصالحہ جات، چوکر اور استعمال شدہ ناقابلِ استعمال تیل برآمد کر کے ضبط کر لیا۔ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری خام مال کا استعمال بھی پایا گیا۔اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دو جعلی ٹماٹر کیچپ تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف بھی کارروائی کی، جہاں سے 1200 لیٹر مضرِ صحت جعلی و مضر صحت ٹماٹر کیچپ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ دونوں یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر متعلقہ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور فوڈ سیفٹی قوانین پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
