خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی پشاور و نوشہرہ میں بڑی کاروائیاں، 2300 کلوگرام ممنوعہ چائنہ سالٹ اور مضرِ صحت گوشت برآمد

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور اور نوشہرہ میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز خفیہ اطلاع پر پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے اشرف روڈ پر واقع ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا، جہاں سے تقریباً 800 کلوگرام ممنوعہ چائنہ سالٹ برآمد کی گئی۔ ضبط شدہ چائنہ سالٹ کو موقع پر ہی تحویل میں لے کر مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک اور کارروائی میں نوشہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم پبی بازار میں ایک دکان پر چھاپہ مار کر تقریباً 1500 کلوگرام باسی اور مضرِ صحت گوشت اور چکن پارٹس برآمد کیے، جنہیں موقع پر حفظانِ صحت کے اصولوں کیمطابق تلف کر دیا گیا۔ دکان کو سیل کرتے ہوئے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور واضح الفاظ میں کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر باز آ جائیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں خوراک کے معیار کی بہتری کے لیے انسپکشنز اور کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید پڑھیں