گورنر کی ہدایات پر فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن تیز، غیر معیاری خوراک کے کاروباروں پر چھاپے

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایات پر خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری اور مضرصحت خوراک کے کاروباروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ خصوصی مہم کے تحت گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور سمیت مختلف اضلاع میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز، دودھ اور گوشت کی دکانوں، مذبح خانوں، فلور ملز، سبزی و فروٹ منڈیوں اور دیگر خوراکی کاروباروں کا معائنہ کیا۔ خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی اور بہتری کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ روز کی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کا معائنہ کیا، جہاں سے 80 لیٹر غیر معیاری اور استعمال شدہ کوکنگ آئل تلف کر دیا گیا۔ اس موقع پر ریسٹورنٹس میں اوپن کچن پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور کچنز کا معائنہ بھی کیا گیا۔اسی طرح مردان کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے شیخ ملتون ٹاؤن میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی جانچ کی، جس کے دوران پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 30 لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا۔ ہری پور میں مچھلی منڈیوں کی چیکنگ کے دوران 50 کلوگرام مضرِ صحت مچھلی پکڑ کر تلف کی گئی، جبکہ خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق سوات میں فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران دودھ کے نمونوں کی موقع پر جانچ کی گئی، جبکہ گوشت کی دکانوں کو صفائی اور حفظان صحت کے انتظامات بہتر بنانے کے نوٹسز جاری کیے گئے۔ دیر لوئر، سوات اور لوئر چترال میں مذبح خانوں، گوشت کی دکانوں اور سبزی و فروٹ منڈیوں کا معائنہ کرکے صفائی کی صورتِ حال اور حفظانِ صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔صوابی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے محکمہ لائیو اسٹاک کے اشتراک سے مذبح خانے کا معائنہ کیا، جبکہ گوشت کی دکانوں اور ٹوپی بازار میں سبزی فروشوں کی بھی انسپیکشن کی گئی۔ بونیر میں گوشت، دودھ، پھل اور سبزیوں کے کاروباروں کا معائنہ کرنے کے ساتھ شہد اور چائے کے نمونے تجزیے کے لیے صوبائی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔مزید برآں، لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے ہمراہ فلور ملز کا معائنہ کیا گیا اور آٹے کے نمونے تجزیے کے لیے فوڈ اتھارٹی کی لیبارٹری ارسال کیے گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے شیخ یوسف میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کی جانچ کے دوران پانی کی ملاوٹ اور چکنائی کی مقررہ مقدار سے کمی پر متعلقہ کاروباروں کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے۔ہنگو میں فلور ملز سے آٹے کے نمونے حاصل کیے گئے، جبکہ بازاروں میں پولٹری شاپس، جنرل اسٹورز اور پھل و سبزی کی دکانوں کی چیکنگ کی گئی۔ صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانے عائد کیے گئے۔ ملاکنڈ میں خوراک کے کاروباروں، مذبح خانوں اور دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ ملاکنڈ ٹاپ چیک پوسٹ پر خوراک لے جانے والی گاڑیوں کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔ سخاکوٹ میں عوامی شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ بنوں میں مذبح خانوں، گوشت کی دکانوں اور فروٹ و سبزی منڈیوں کا معائنہ کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں جاری کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیمیں خوراک کے کاروباروں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر معیاری و مضرِ صحت خوراک کے کاروباروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں