خیبر پختونخوا میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی مضبوطی ناگزیر ہیں: جنید خان

خیبر پختونخوا میں جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس سیکریٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات، حکومتِ خیبر پختونخوا جنید خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر محسن فاروق، چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف خیبر پختونخوا نے محکمہ جنگلی حیات کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی۔ اجلاس میںسپیشل سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹریز اور صوبے کے مختلف وائلڈ لائف ڈویژنز و فارمیشنز کے کنزرویٹرز نے شرکت کی۔ڈاکٹر محسن فاروق نے اجلاس کے شرکائ کو محکمہ جنگلی حیات کے ارتقائی سفر، قانونی مینڈیٹ اور نمایاں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی بے مثال حیاتیاتی تنوع اور اس کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ صوبہ دنیا میں کشمیری مارخور اور ویسٹرن ٹریگوپین جیسی نایاب انواع کی سب سے بڑی محفوظ آبادیوں کا مسکن و امین ہے۔انہوں نے جنگلی حیات کے قانون کے مؤثر نفاذ، محفوظ علاقوں کے دائرہ کار میں توسیع اور ان کے بہتر انتظام، کمیونٹی پر مبنی تحفظاتی اقدامات، یونیسکو کے تسلیم شدہ بایوسفیئر ریزروز اور بین الاقوامی سطح پر سراہے جانے والے ٹرافی ہنٹنگ پروگرامز میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جن کے ثمرات براہِ راست مقامی آبادیوں تک پہنچ رہے ہیں۔بریفنگ کا مرکزی نکتہ خیبر پختونخوا وائلڈ لائف و بائیو ڈائیورسٹی ایکٹ 2015 اور اس سے منسلک مختلف قواعد و ضوابط میں مجوزہ ترامیم تھیں، جن کا مقصد قانونی ڈھانچے کو جدید تحفظاتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، ادارہ جاتی حکمرانی کو مضبوط بنانا اور نفاذ کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ ڈاکٹر محسن فاروق نے زور دیا کہ یہ اصلاحات ماحولیاتی انحطاط، مسکن کی تباہی اور جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت جیسے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔سیکریٹری جنید خان نے محکمہ جنگلی حیات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وائلڈ لائف قوانین و ضوابط کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مجوزہ ترامیم کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر محکمہ قانون خیبر پختونخوا کو بھجوا دیا جائے گا اور اس ضمن میں محکمہ وائلڈ لائف کو ضروری کاغذی کارروائی بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔سیکریٹری نے مزید یقین دہانی کرائی کہ وائلڈ لائف ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا، جو محکمہ جنگلات میں کامیابی سے فعال نظام کی طرز پر ہوگا، تاکہ پائیدار مالی وسائل میسر آئیں، فیلڈ آپریشنز کو تقویت ملے اور تحفظاتی اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مضبوط قانونی اصلاحات، ادارہ جاتی استحکام اور مقامی برادریوں کی شراکت کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ خیبر پختونخوا قومی اور بین الاقوامی سطح پر حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھ سکے۔

مزید پڑھیں