ارندو گول، چترال میں جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کے الزامات بے بنیاد قرار

محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے ارندو گول، ضلع چترال میں جنگلات کی مبینہ کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو حقائق کے منافی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی کٹائی پر مکمل اور بلاامتیاز پابندی نافذ ہے، جس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سیکرٹری جنگلات خیبرپختونخوا جنید خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی رعایت یا چشم پوشی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سیکرٹری جنگلات کے مطابق ارندو کا معاملہ گزشتہ دو دہائیوں سے زیر التوا چلا آ رہا ہے، جس کے تاریخی، جغرافیائی اور سماجی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع، پائیدار اور مشاورتی پالیسی ترتیب دی جا رہی ہے، تاکہ مسئلے کا دیرپا اور قانونی حل ممکن بنایا جا سکے۔ محکمہ جنگلات نے بتایا کہ ارندو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے متعدد چیک پوسٹس فعال ہیں جبکہ جدید نگرانی کے نظام کے تحت مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔ مزید بتایا گیا کہ ارندو پالیسی کی تیاری کے عمل میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز—جن میں مقامی آبادی، منتخب نمائندے اور متعلقہ ادارے شامل ہوں گے—کو اعتماد میں لیا جائے گا، تاکہ فیصلے شفاف، متوازن اور عوامی مفاد کے مطابق ہوں۔ سیکرٹری جنگلات جنید خان نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا کہ اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پراجیکٹ (UGPP) کو ارندو گول کے حوالے سے آزادانہ جائزہ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ یہ ٹیم موقع کا تفصیلی معائنہ کر کے اپنی رپورٹ محکمہ موسمیاتی تبدیلی کو ارسال کرے گی، تاکہ حقائق کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ محکمہ جنگلات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شفافیت، احتساب، قانون کی بالادستی اور ماحولیاتی تحفظ صوبائی حکومت کی مجموعی حکمتِ عملی کا بنیادی حصہ ہیں۔ جنگلات کے تحفظ کے لیے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ آخر میں محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے واضح پیغام دیا کہ“سرسبز خیبرپختونخوا — محفوظ مستقبل”صوبائی حکومت کا غیر متزلزل عزم ہے، جس کے لیے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں