صوبائی حکومت کی ہدایات پر محکمہ جنگلات کی جانب سے لکڑیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں محکمہ جنگلات ملاکنڈ فارسٹ ڈویژن کی ٹیم نے سوات موٹروے پر دو الگ الگ کارروائیوں میں لکڑیوں کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 365 مکعب فٹ دیار اور کائل کی لکڑی برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملاکنڈ واصل خان کی قیادت میں فارسٹ ٹیم نے ملک احمد خان بابا چیک پوسٹ پر ایک مؤثر کارروائی کے دوران ایک مزدا گاڑی سے 288 مکعب فٹ لکڑی برآمد کی، جو کباڑ گتے کے نیچے چھپائی گئی تھی۔ موقع پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔اسی طرح مذکورہ چیک پوسٹ پر دوسری کارروائی کے دوران ایک پک اَپ ڈاٹسن گاڑی سے 77 مکعب فٹ لکڑی برآمد کرتے ہوئے مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔محکمہ جنگلات کی ٹیم نے دونوں گاڑیاں اور برآمد شدہ لکڑیاں سرکاری تحویل میں لے کر فارسٹ آرڈیننس کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔اس موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر واصل خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق جنگلات کے تحفظ اور لکڑیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی
