مردان، دیر لوئر اور ڈی آئی خان میں مضر صحت گوشت و زائد المعیاد مشروبات ضبط، جرمانے عائد، ترجمان فوڈ اتھارٹی
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مردان، دیر لوئر اور ڈی آئی خان میں بڑی کارروائیاں کی ہیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مردان میں نوشہرہ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 300 کلوگرام مضر صحت گوشت برآمد کیا گیا جسے موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ذ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ دیر لوئر میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ تیمرگرہ با زار میں ایک قصاب کی دکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے 300 کلوگرام سے زائد مضر صحت گوشت برآمد ہوا۔ دکان کو سیل کر کے قصائی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور قصائی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈی آئی خان فوڈ سیفٹی ٹیم نے پروا بازار میں ایک گودام پر چھاپے کے دوران 1100 لیٹر زائد المعیاد مشروبات برآمد کر کے ضبط کر لیے گئے جبکہ گودام کے مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف صوبہ بھر میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
