کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 23 نومبر کو حلقہ این اے۔18 ہری پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے انتظامات اور سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ہری پور، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور، ایس پی اسپیشل برانچ، ریجنل الیکشن کمشنر ہزارہ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ہری پور، ریٹرننگ آفیسر ہری پور اور مانیٹرنگ آفیسر ہری پور نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتظامی تیاریوں اور سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ہزارہ نے اس موقع پر کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے اور تمام سرکاری محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو مکمل انتظامی معاونت فراہم کریں تاکہ انتخابات شفاف، پُرامن اور منظم انداز میں منعقد ہوں۔کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ملازمین اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں اور تمام منظور شدہ چھٹیاں الیکشن کے عمل کے مکمل ہونے تک منسوخ کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ بی ایچ یوز (BHUs) میں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے جبکہ فائر بریگیڈ اور ایمبولینس سروسز کو مکمل طور پر فعال اور ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔ریجنل الیکشن کمشنر ہزارہ نے انتظامی اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور کے بھرپور تعاون کو سراہا۔آخر میں کمشنر ہزارہ اور ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور این اے۔18 ہری پور کا ضمنی الیکشن پُرامن، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کرانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے
