وزیرِ صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمٰن کی زیرِ صدارت محکمہ صحت پشاور میں خیبر پختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے اقدامات، جاری منصوبوں، درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا

وزیرِ صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمٰن کی زیرِ صدارت محکمہ صحت پشاور میں خیبر پختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے اقدامات، جاری منصوبوں، درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آؤٹ سورس شدہ تمام صحت سہولیات میں موجود عارضی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ بلا تعطل سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ صحت، فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جاری اور آئندہ تمام منصوبوں کے لیے ایک مضبوط اور جامع حکمت عملی بھی وضع کرے گا تاکہ پائیدار نظامِ کار ممکن بنایا جا سکے۔فورم نے آؤٹ سورس شدہ صحت سہولیات کی مؤثر نگرانی کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کیا جائے گا جس کے ذریعے اوپی ڈی، آئی پی ڈی، عملے کی حاضری اور سہولیات کے استعمال سمیت کارکردگی کی نگرانی کی جا سکے گی۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر مالی کٹوتی اور ادائیگی کے نظام کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا اور تمام آؤٹ سورس شدہ سہولیات کے لیے ایک یکساں کارکردگی پر مبنی مالی نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ فاؤنڈیشن آؤٹ سورس شدہ ہسپتالوں کے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور سہولت منیجرز کے ساتھ باقاعدگی سے کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد کرے تاکہ بہتر رابطہ قائم رکھا جا سکے، بروقت مسائل حل ہوں اور مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ فاؤنڈیشن معاہدوں اور منظور شدہ معیار کے مطابق ضروری انسانی وسائل اور تمام کلینیکل و نان کلینیکل سہولیات کی دستیابی یقینی بنائے۔ غیر مطابقت رکھنے والے اداروں کو فوری طور پر خامیاں دور کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے جائیں، خصوصاً اہم خدمات میں کوتاہی کی صورت میں۔زیرِ التواء معاہدوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ دارازندہ، سرائے مولہ خان، شگرام، مامد گٹ اور دیگر سہولیات کے معاہدوں کی جانچ پڑتال اور حتمی منظوری کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ ان صحت مراکز کو بلا تاخیر مکمل طور پر فعال کیا جا سکے۔سوشل میڈیا پر ناقص سہولیات سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کے تناظر میں فاؤنڈیشن کو ہدایت کی گئی کہ وہ زمینی سطح پر سروس ڈیلیوری کا مکمل جائزہ لے اور جہاں ضرورت ہو وہاں فوری اصلاحی اقدامات کرے تاکہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال داسو کے مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ خیبر پختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن ہسپتال کے انفراسٹرکچر اور سروس ڈیلیوری کا جامع جائزہ لے گا اور بہتری کے لیے ایک تفصیلی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کرے گا۔اجلاس میں منسلک اداروں کے کیپٹیشن فیس ماڈل کا بھی ازسرِ نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ تعلیم و تربیت کے معیار اور مجموعی طور پر صحت سہولیات کی استعداد میں بہتری لائی جا سکے۔

مزید پڑھیں