خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے بنیظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال مردان میں غذائیت کی کمی کے شکار بچوں کے لیے قائم کیے گئے نیوٹریشن اسٹیبلائزیشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے بنیظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال مردان میں غذائیت کی کمی کے شکار بچوں کے لیے قائم کیے گئے نیوٹریشن اسٹیبلائزیشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ سنٹر 8 بیڈز پر مشتمل ہے جہاں غذائیت کی کمی کے شکار بچوں کو علاج معالجہ اور پروٹین سے بھرپور خوراک فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈین و چیف ایگزیکٹو آفیسر طبی تدریسی ادارہ مردان پروفیسر ڈاکٹر جواد احمد، ہسپتال ڈائریکٹر مردان میڈیکل کمپلیکس کرنل (ر) ڈاکٹر گلزار احمد خان، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد سید، انچارج، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔بنیظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال میں قائم نیوٹریشن اسٹیبلائزیشن سنٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ سنٹر کے لیے بیڈز، ضروری طبی سامان، ایک ماہر نیوٹریشنسٹ اور دیگر عملہ بھی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے۔ سنٹر میں بچوں کے کھیلنے کے لیے علیحدہ جگہ جبکہ غذائیت کی کمی کے شکار بچوں کے لیے پروٹین سے بھرپور خوراک تیار کرنے کے لیے باقاعدہ کچن بھی قائم کیا گیا ہے۔ سنٹر کا بنیادی مقصد غذائیت کی کمی کے شکار بچوں کو معیاری دیکھ بھال اور مؤثر علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔افتتاح کے بعد صوبائی وزیرِ صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں قائم کیتھ لییب کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ اب تک 700 سے زائد مریضوں کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کے پروسیجرز کامیابی سے انجام دیے جا چکے ہیں۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ صوبے کے عوام کو فوری اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران صحت کے شعبے میں متعدد اصلاحات اور انقلابی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں جس سے شعبہ صحت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں