خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمٰن نے تحصیل سالارزئی، ضلع باجوڑ میں پولیو ویکسینیشن ٹیم پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا ہے

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمٰن نے تحصیل سالارزئی، ضلع باجوڑ میں پولیو ویکسینیشن ٹیم پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا ہے۔صوبائی وزیرِ نے پولیو ڈیوٹی پر معمور پولیس کانسٹیبل سمیت واقعہ میں دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدائ کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس قسم کے وحشیانہ اور غیر انسانی حملے حکومتِ خیبر پختونخوا کے پولیو کے خاتمے اور عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے عزم، حوصلے اور جذبے کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتے، محکمہ صحت، صوبائی حکومت اور پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔صوبائی وزیرِ صحت نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں پولیو ویکسینیشن مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور فرنٹ لائن ورکرز سمیت ہر فرد کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی دہشت گرد کارروائی کو صوبے میں جاری صحت سے متعلق پالیسیوں اور عوامی فلاحی خدمات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ خلیق الرحمٰن نے کہا کہ قومی یکجہتی، مضبوط ارادے اور پختہ عزم کے ذریعے ان غیر انسانی، ظالمانہ اور دہشت گردانہ ذہنوں کو شکست دی جائے گی اور خیبر پختونخوا کو ایک صحت مند اور پولیو فری صوبہ بنانے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں