خیبرپختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے آج خیبر میڈیکل کالج میں انصاف ڈاکٹرز فورم کے زیر اہتمام منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب میں شرکت کی

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان نے آج خیبر میڈیکل کالج میں انصاف ڈاکٹرز فورم کے زیر اہتمام منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی خرم ذیشان، رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت، بڑے تدریسی ہسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ہسپتال ڈائریکٹرز اور انصاف ڈاکٹرز فورم سے وابستہ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نےبھی شرکت کی۔ افطار ڈنر کا مقصد ڈاکٹر برادری اور حکومت کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر خواتین ڈاکٹرز کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کے اختتام پر ایک مختصر مگر باوقار خطاب سیشن منعقد ہوا جس میں ڈاکٹرز اور پارلیمنٹرینز نے شرکاء سے خطاب کیا۔ انصاف ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر نبی جان نے اپنے خطاب میں ڈاکٹرز برادری کے بعض مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ انصاف ڈاکٹرز فورم نے ہر مشکل وقت میں صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور نوجوان ڈاکٹرز نے صحت کی خدمات کی فراہمی میں بے مثال جذبہ اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دیگر صوبوں کی طرح ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ اور مراعات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکیں۔صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے اپنے خطاب میں ڈاکٹرز برادری کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ڈاکٹرز کے تمام جائز حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کا پیشہ نہایت مقدس اور ذمہ داری سے بھرپور ہے، لہٰذا ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی، شائستگی اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کریں کیونکہ مریض تکلیف کی حالت میں ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے حکومت جامع اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس میں خاص طور پر بنیادی اور ثانوی سطح کی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو مؤثر بنایا جائے تو بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کیا جا سکتا ہے اور اس کے عوامی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت عوام کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جو کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ اور بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کا عملی مظہر ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت نے تمام ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا، انصاف ڈاکٹرز فورم کی حکومت کے ساتھ تعاون کو سراہا اور عمران خان کی صحت و سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں