خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمن کی زیرِ صدارت صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمن کی زیرِ صدارت صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری صحت، سپیشل سیکریٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ایس اے اور صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں انتظامی امور، ملازمت اور ترقی و تعیناتی سے متعلق مختلف معاملات کا جامع جائزہ لیا گیا اور بتایاگیا کہ حال ہی میں ترقی پانے والے پیرامیڈکس کی تقرری و تعیناتی سے متعلق ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز سے تجاویز موصول ہو چکی ہیں اور ضروری احکامات جلد جاری کیے جائیں گے۔اجلاس میں پیرامیڈکس کے موجودہ سروس رولز میں ترامیم کے معاملے پر تفصیلی غور کرتے ہوئے صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن سے کہا گیا کہ اس ضمن میں اپنی تجاویز پر مشتمل مسودہ جمع کرائے، جس کے بعد محکمہ صحت اس معاملے کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مشاورت سے آگے بڑھائے گا۔ ترامیم کی حتمی منظوری تک موجودہ سروس رولز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔صوبائی وزیرِ صحت نے اس موقع پر ہدایت کی کہ پی ایچ ایس اے نیٹ ورک میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر عہدوں کے لیے اہل اور قابل پیرامیڈکس کی نامزدگی عمل میں لائی جائے اور انٹرویو کے عمل میں صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کی نمائندگی کو یقینی بنا یا جائے تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔میڈیکل فیکلٹی میں پیرامیڈکس کی تعیناتی سے متعلق امور پر غور کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ اس معاملے کو متعلقہ فورمز پر قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ڈگری ہولڈر پیرامیڈکس کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے انعقاد سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ترقیوں کا عمل موجودہ سروس رولز کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ تمام متعلقہ افسران کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مختلف پیرامیڈیکل کیڈرز میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور زیر التواء ورکنگ پیپرز کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔صوبائی وزیرِ صحت نے مزید ہدایت کی کہ ریشو انہانسمنٹ، پے سکیل اور طویل عرصے سے زیر التواء سینیارٹی لسٹس سے متعلق امور پر کام تیز کیا جائے۔ جہاں مالی امور شامل ہوں وہاں محکمہ خزانہ کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ پیرامیڈکس کے لیے ٹیچنگ کیڈر کے قیام سے متعلق تفصیلی ورکنگ پیپر تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیرِ صحت نے پیرامیڈکس کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا اور باقاعدہ رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسنز نامزد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پیرامیڈکس کے جائز مسائل کے حل اور صحت کے شعبے کو مضبوط، مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں