خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمٰن نے بدھ کے روز قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ میں جنرل میڈیسن بی وارڈ، سی پی سی ہال اور نوشہرہ میڈیکل کالج میں ملٹی پرپز ہال کا باقاعدہ افتتاح کیا

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمٰن نے بدھ کے روز قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس ایم ٹی آئی نوشہرہ میں جنرل میڈیسن بی وارڈ، سی پی سی ہال اور نوشہرہ میڈیکل کالج میں ملٹی پرپز ہال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیرِ صحت کے ہمراہ ممبر قومی اسمبلی سید شاہ احد علی شاہ، ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد عمر کاکاخیل، ممبران صوبائی اسمبلی اشفاق خان اور زر عالم خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈین/چیف ایگزیکٹو نوشہرہ میڈیکل کالج و ہسپتال ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر حمزاللہ خان اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان حقانی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ہسپتال ا و رمیڈیکل کالج کے مختلف شعبہ جات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ہسپتال کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر صوبائی وزیرِ صحت نے ہسپتال اور میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے میں صحت کی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیرِ صحت اور معزز ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے جنرل میڈیسن وارڈ اور میڈیکل کالج کے ملٹی پرپز ہال کا افتتاح کیا اور نئے وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بالخصوص ٹراما ایمرجنسی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا، مریضوں کی عیادت کی اور علاج و معالجے کے حوالے سے مریضوں سے براہِ راست آگاہی حاصل کی۔صوبائی وزیرِ صحت اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے ہسپتال و میڈیکل کالج کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

مزید پڑھیں