خیبر پختونخوا کے وزیر برائے صحت خلیق الرحمان نے خصوصی تعلیم کے کمپلیکس، حیات آباد میں عالمی یومِ معذوراں کے موقع پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے صحت خلیق الرحمان نے خصوصی تعلیم کے کمپلیکس، حیات آباد میں عالمی یومِ معذوراں کے موقع پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور یہ پیغام دینا تھا کہ خصوصی بچے ہمارے اپنے بچے ہیں اور ان کے حقوق، عزت اور تمام سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت نے کہا کہ خصوصی بچوں کے درمیان موجود ہونے پر انہیں فخر اور مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے کسی بھی لحاظ سے کم تر نہیں ہوتے اور مناسب توجہ، محبت، نگہداشت اور مواقع فراہم کر کے انہیں معاشرے کا قیمتی سرمایہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ بچے صلاحیت، ذہانت اور بھرپور قابلیت رکھتے ہیں اور انہیں بھی زندگی گزارنے، آگے بڑھنے اور ایک مفید شہری بننے کے برابر حقوق حاصل ہیں۔وزیرِ صحت کو بتایا گیا کہ خصوصی تعلیم کمپلیکس صوبے بھر سے آنے والے 600 سے زائد طلبہ و طالبات کو جدید سہولیات، تربیت یافتہ اساتذہ، جدید آلات اور ضروری تعلیمی وسائل کے ذریعے خصوصی تعلیمی و بحالی کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے ادارے کی انتظامیہ اور تدریسی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ خلیق الرحمان نے ادارے کے پرنسپل اور مدیران کو محکمہ صحت اور صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور ادارے کی بہتری کے لیے مثبت تبدیلیاں لانے کے ساتھ اس کی مالی اور افرادی معاونت کی جائے گی۔تقریب کے دوران بچوں نے خوبصورت اور رنگا رنگ سٹیج پرفارمنس اور تخلیقی کردار پیش کیے جنہیں وزیرِ صحت نے بے حد سراہا۔ انہوں نے محنتی اساتذہ اور والدین کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر وزیرِ صحت نے افسران میں شیلڈز تقسیم کیں اور خصوصی بچوں میں سکول بیگز اور تحائف تقسیم کیے جس سے بچوں میں خوشی اور حوصلہ افزائی کی لہر دوڑ گئی۔

مزید پڑھیں