حکومت خیبرپختونخوا نے جاری ایندھن بحران کے پیش نظر صوبہ بھر کی تمام سرکاری و نجی جامعات، ڈگری ایوارڈنگ اداروں اور کالجز کو جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 9 مارچ 2026 کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کے بعد محکمہ اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ باقی ماندہ تدریسی ایام میں جہاں ممکن ہو ہائبرڈ یا آن لائن تدریسی نظام اپنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں اور ایندھن کے استعمال میں بھی کمی لائی جا سکے۔حکام کے مطابق یہ اقدام خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث ایندھن کی فراہمی اور قیمتوں پر پڑنے والے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ انتظامات ابتدائی طور پر دو ماہ تک یا مزید احکامات جاری ہونے تک نافذ العمل رہیں گے۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن کی نقول صوبے کی جامعات کے وائس چانسلرز، متعلقہ محکموں اور دیگر اداروں کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔
