خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 جاری

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 92 ہزار 312 مختلف خوردونوش اشیاء سے منسلک کاروباروں کے معائنے کیے گئے، جبکہ 4 لاکھ 13 ہزار 888 کلوگرام و لیٹرز غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراکی اشیاء تلف کی گئیں۔سالانہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی خلاف ورزی پر 7 ہزار 685 بہتری کے نوٹسز جاری کیے، جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر 142 خوراکی کاروبار سیل کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق خوراک سے منسلک کاروباروں کے لیے 89 تربیتی اور 1,167 آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے۔سال 2025 کے دوران 40 ہزار 932 نئے لائسنس جاری اور تجدید کیے گئے، جبکہ 1,318 فوڈ پراڈکٹس رجسٹرڈ کی گئیں۔ پراڈکٹ رجسٹریشن، لائسنسز اور جرمانوں کی مد میں 253.8 ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق مجموعی معائنوں میں 29,905 کریانہ سٹورز، 6,338 ہول سیل ڈیلرز، 6,228 بیکری شاپس، 5,184 ڈھابہ، ٹی سٹالز، شوارمہ و دہی بلے شاپس، 4,836 پولٹری و فش شاپس، 4,764 ہوٹلز، 4,688 ڈیری شاپس و فارمز، 4,579 فروٹس و سبزی شاپس، 3,426 میٹ شاپس، 2,115 کباب شاپس اور 1,832 ریسٹورنٹس شامل ہیں۔اسی طرح 1,411 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس، 895 چپس و پاپس فیکٹریز، 446 مصالحہ جات کارخانے، 442 فاسٹ فوڈ پوائنٹس، 411 شہد کی دکانیں اور 68 ڈیری انڈسٹریز کا بھی معائنہ کیا گیا۔تلف شدہ اشیاء میں 184,379 لیٹرز مشروبات، 36,854 کلوگرام گوشت، 21,741 کلو مصالحہ جات، 20,559 کلو پاپس و چپس، 17,065 کلو آئل و گھی، 14,614 لیٹرز دودھ اور 12,376 کلو بیکری آئٹمز شامل ہیں۔پبی، نوشہرہ اور حطار انڈسٹریل زون ہری پور میں جعلی مشروبات اور جعلی و مصنوعی دودھ تیار کرنے میں ملوث 3 بڑی فیکٹریاں بند کر کے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری ضبط کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی سٹیٹک پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں 2,813 خوراکی نمونوں کی جانچ کی گئی، جن میں 2,074 نمونے تسلی بخش جبکہ 738 غیر معیاری قرار پائے۔ ٹیسٹنگ میں پانی، گھی و آئل، مشروبات، مصالحہ جات، پاپس، نمکو، چائے کی پتی، سرکہ،کیچپ، جیم، اور کسٹرڈ پاؤڈر وغیرہ شامل تھے۔اسی طرح موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ، آئل، گھی، شہد، مشروبات، مصالحہ جات، گوشت اور جوسز، آئس کریم، گرین ٹی،گڑ،فروزن فوڈز دیگر کئی فوڈز کے 14,213 نمونے چیک کیے گئے، جن میں 10,139 نمونے تسلی بخش جبکہ 4,074 غیر معیاری قرار پائے۔رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں فوڈ سیفٹی کے حوالے سے 8 خصوصی مہمات چلائی گئیں، جن میں مصالحہ جات، نمکو، چپس، واٹر فلٹریشن پلانٹس، بوتل بند پانی اور لائسنس و پراڈکٹ رجسٹریشن شامل ہیں۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے سالانہ رپورٹ جاری کرنے کے موقع پر بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی ھدایات پر صوبے میں خوراکی اشیاء کی جانچ کے لیے سرکاری سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سینٹر فار ریسرچ قائم کرکے باقاعدہ افتتاح کیا گیا ہے، جبکہ فوڈ اتھارٹی کے تمام امور کو تقریباً مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں