خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت عوام براہ راست مستفید ہورہے ہیں، ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سرکاری ملازمین کے رہائشی مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے، محکمہ اپنے اہداف کے حصول کے لئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے اور اس ضمن میں عوامی شکایات اور تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہاؤسنگ خیبرپختونخوا کی جانب سے بلخصوص ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حوالے سے منعقدہ ای کھلی کچہری کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ عوامی آراء کو ترجیح دی جائے گی اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ای کچہری کے دوران پہلے سے موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز پر غور کیا گیا اور ان لائن جوابات دیے گئے، جبکہ موقع پر موصول کالرز کے جوابات بھی براہِ راست دیے گئے۔ ای کھلی کچہری میں کوہاٹ، ڈی آئی خان، پشاور، سوات، مردان، بنوں اور مانسہرہ سے شہریوں نے شرکت کی اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سے متعلق اپنے مسائل اور تجاویز سے حکام کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ افسران کو عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ہدایات جاری کیں۔
