محکمہ ہاؤسنگ خیبرپختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز جلوزئی ہاؤسنگ سکیم نوشہرہ میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ جمشید خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ افسران کے علاؤہ جلوزئی اراضی مالکان اور نیپڈا ہائی رائز فلیٹس کے الاٹیز شریک تھے۔ کھلی کچہری میں آۓ ہوۓ لوگوں نے اپنے تحفظات حکام کے سامنے رکھے جبکہ انہیں اپنے تجاویز و آراء سے بھی آگاہ کیا۔ عوام نے محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے کھلی کچہری منعقد کرانے کو سراہا جبکہ درپیش مسائل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے وہاں ہر ماہ کھلی کچہری منعقد کرانے پر بھی زور دیا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے جمشید خان نے تمام مسائل متعلقہ فورمز کے ذریعے حل کرانے کی یقین دیہانی کرائی۔ انہوں نے آئینی و عدالتی مسائل کے حل کے لیے لیگل ٹیم کو بروقت اقدامات اٹھانے سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اراضی مالکان کو رقوم کی ادائیگی سے متعلق محکمہ امور استوار کر رہا ہے، اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے سیشل گرانٹ منظور کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوامی شکایات و تجاویز سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے باہمی تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے۔
