مٹہ سوات میں عوام کا تاریخی اجتماع، مہنگائی اور ناانصافی کے خلاف بھرپور احتجاج

فرزندِ سوات مراد سعید کی کال پر آج مٹہ چوک سوات میں عوام کا ایک عظیم الشان اور تاریخی اجتماع منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے اپنے حقوق، جمہوریت اور عوامی خودمختاری کے حق میں بھرپور آواز بلند کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختو نخوا کے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں عام آدمی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے اور حکومتی پالیسیوں کے منفی اثرات براہِ راست عوام پر پڑ رہے ہیں۔
ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ عوام اب ظلم، ناانصافی اور معاشی بدحالی کے خلاف متحد ہو چکی ہیں اور اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک سنگین معاشی اور سیاسی بحرانوں سے دوچار ہوا ہے، جبکہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے عوامی مینڈیٹ کا احترام، آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور قومی استحکام کے لیے عوام کی رائے کا احترام اور شفاف جمہوری عمل ہی واحد راستہ ہے۔
اجتماع کے شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں