خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ مناسب رہائش ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے اور صوبائی حکومت عوام کی ہاؤسنگ ضروریات پوری کرنے کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرما ہاؤسنگ سکیم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گاجبکہ کوہاٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے بھی عنقریب الگ ہاؤسنگ سکیم شروع کی جائے گی۔عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر جرما ہاؤسنگ اسکیم میں منعقدہ کھلی کچہری میں صوبائی وزیر نے الاٹیز، پراپرٹی ڈیلرز اور شہریوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ محمد علی شاہ باچا، چیئرمین ڈیڈک و ایم پی اے داؤد آفریدی، سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ زاہد خان اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ڈاکٹر امجد علی خان نے متعلقہ حکام کو زیرِسماعت مقدمات کی مؤثر پیروی کرنے اور سٹے ختم ہوتے ہی 24 گھنٹوں کے اندر عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہاؤسنگ اسکیم کی اراضی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے شرکاء کے مطالبے پر ریجنل فیسلٹیشن سنٹر کو فوری طور پر مکمل فعال بنانے، الاٹیز کو ٹرانسفر سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے اور بجلی، گیس، پانی اور سڑکوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جرما ہاؤسنگ اسکیم پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی کا پائلٹ پراجیکٹ ہے اور حکومت اس کی کامیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ ان کے بقول ہاؤسنگ اسکیم کی کامیابی صرف گھروں کی تعمیر نہیں بلکہ تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی سے مشروط ہے۔ڈاکٹر امجد علی خان نے اعلان کیا کہ اسکیم میں سب سے پہلے گھر تعمیر کرنے والے الاٹی کو مفت سولر سسٹم دیا جائے گا جبکہ گھر کی تعمیر شروع کرنے والے دیگر الاٹیز کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر اور دیگر مہمانوں نے جرما ہاؤسنگ سکیم کے پبلک پارک میں پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
