خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس بدھ کے روز محکمہ ہاؤسنگ کے کمیٹی روم میں منعقد

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس بدھ کے روز محکمہ ہاؤسنگ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، اس موقع پر صوبے میں جاری ہاؤسنگ منصوبوں کی پیش رفت، نئی پالیسیوں اور عوامی سہولیات سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ محمود اسلم وزیر، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ محمد زاہد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر زیب، ڈائریکٹر پلاننگ یعقوب خان، محکمہ خزانہ کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران حکام نے صوبائی وزیر کو جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے اراضی مالکان کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق معاوضوں کی ادائیگی، خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی سروس ریگولیشنز میں موجود خامیوں، اراضی مالکان کی مشترکہ منصوبہ بندی کے ریگولیشنز، ہاؤسنگ اتھارٹی کے دفتر کی تعمیر، ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں سائٹ کیمپس کے قیام کے لیے اراضی کی خریداری، آپریشنل سرگرمیوں کے لیے گاڑیوں کی خریداری، گاڑیوں کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے مقامی ورکشاپ کے قیام، کمرشل لیزنگ ریگولیشن 2026، سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی پلاٹس، جلوزئی ہاؤسنگ سکیم میں ایگزیکٹو فلیٹس اور نشتر آباد پشاور میں 35 کنال کمرشل اراضی پر فلیٹس کی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں نشتر آباد پشاور میں 35 کنال اراضی پر کمرشل پلاٹس اور سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی منصوبے کے قیام کی تجویز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں کے پی ہاؤسنگ اتھارٹی کے سائٹ آفس کیمپس کے لیے پانچ، پانچ کنال اراضی کی منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے ہدایت کی کہ صوبے میں جاری تمام ہاؤسنگ سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے ہر صورت اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے ہنگو ٹاؤن شپ میں بجلی سمیت دیگر بنیادی مسائل فوری طور پر حل کرنے اور زیر التواء منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت بھی جاری کی۔انہوں نے کہا کہ تمام ہاؤسنگ منصوبوں میں سکولوں، مساجد، پارکس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری رہائشی ماحول میسر آ سکے۔ڈاکٹر امجد علی نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے الاٹیز کے مسائل ایک ماہ کے اندر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر تمام ہاؤسنگ سکیموں کا متعلقہ افسران تفصیلی دورہ کریں اور اپنی رپورٹس پیش کریں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ہاؤسنگ سکیموں کے سائٹ دفاتر میں متعلقہ افسران کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے اور اس مقصد کے لیے نئے عملے کی بھرتی سمیت تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کو ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے مختلف رہائشی منصوبوں میں پلاٹس اور رہائش کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں

مزید پڑھیں