خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ، ڈاکٹر امجد علی نے تحصیل بریکوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر آفس کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی عمارت میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری دفتری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو مختلف سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے بروقت، آسان اور مؤثر سہولیات میسر آ سکیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ نئی عمارت کے قیام سے عوام کو عدالتی امور، ریونیو، پٹوار، ڈومیسائل اور دیگر سرکاری خدمات شفاف، تیز رفتار اور سہل انداز میں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید سرکاری سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے عملی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ڈاکٹر امجد علی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر آفس کی نئی عمارت عوام کو بہتر، باوقار اور مؤثر خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی اور سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
