خیبر پختونخوا کے سیکرٹری برائے ہاؤسنگ محمد انور خان کی زیر صدارت بدھ کے روز ان کے دفتر میں میگا سٹی نوشہرہ منصوبے سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ خالق داد خان، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ زاہد خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر نیو پشاور ویلی عبدالودود، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ون عمران ہلال، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن امان الحق، محکمہ ہاؤسنگ، محکمہ مال، کنسلٹنٹ نیسپاک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ کو میگا سٹی نوشہرہ کے جاری ترقیاتی کاموں، ماسٹر پلان، الاٹیز کو درپیش مسائل، اراضی سے متعلق شکایات اور منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے منصوبے کے فیز ون، فیز ٹو اور فیز تھری کی پیش رفت، ڈیزائن اور مختلف تکنیکی امور سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے تقریباً 85 فیصد اراضی حاصل کی جا چکی ہے، جبکہ کنسلٹنٹ نیسپاک کے کردار اور ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان نے ہدایت کی کہ کنسلٹنٹ نیسپاک فیز ون پر کام کی رفتار مزید تیز کرے اور مطلوبہ مرحلے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میگا سٹی نوشہرہ منصوبے میں مزید تاخیر نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے ترجیحی بنیادوں پر منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید ہدایت کی کہ متنازعہ اراضی کے معاملات افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں تاکہ منصوبے کی پیش رفت متاثر نہ ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام پلاٹ الاٹیز کو دستیاب وسائل کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے آئندہ جائزہ اجلاس میں کنسلٹنٹ نیسپاک کے نمائندوں کی لازمی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
