خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ 1.22 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر رہائشی منصوبہ دنگرام سوات پر باقاعدہ کام کا آغاز فروری 2025 کو ہوا جبکہ اس کی تکمیل کے لیے اگست 2027 کا ٹائم فریم دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع سوات میں دنگرام ہاؤسنگ سکیم کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں، پیشرفت اور درکار اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دنگرام ہاؤسنگ سکیم، خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، جس کا مقصد سوات میں ایک جدید، منظم اور سہولیات سے آراستہ ایک رہائشی منصوبے کی تعمیر ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مذکورہ رہائشی سکیم مجموعی طور پر 682 پلاٹس پر مشتمل ہے، جن میں 7 مرلہ کے 256 جبکہ 5 مرلہ کے 426 پلاٹس شامل ہیں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے معیار کام اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ہاؤسنگ خیبرپختونخوا تمام رہائشی منصوبوں میں معیاری سڑکوں، پارکنگ ایریاز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی، نکاس اب، باؤنڈری والز، واٹر ٹینکس، سیپٹک ٹینکس اور ٹیوب ویلز کی تعمیر اور دیگر تمام لوازمات یقینی بنا رہا ہے، تاکہ پائیدار اور منظم شہری ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
