خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے عوام براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی نئی اور جدید سہولیات سے آراستہ عمارت تحصیل بریکوٹ کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عمارت کی تعمیر کے لیے موزوں جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے، جہاں سے امدادی کارروائیاں اور بروقت ریسپانس کم سے کم وقت میں یقینی ہوگا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بائی پاس روڈ پر قائم اس عمارت میں ریسکیو اہلکاروں کے لیے وارم اپ اور ٹریننگ ایریا، عوام کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی آگاہی پروگرام، اور گشتی ٹیمیں شامل ہیں جو سیلاب اور دیگر ممکنہ قدرتی آفات سے قبل عوام کو بروقت آگاہی فراہم کریں گی۔ اس کے علاؤہ ایک جدید کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے علاقے کے مکینوں سے تیز تر رابطہ ممکن بنایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد کے لیے ایک خصوصی ریسکیو گاڑی بھی موجود ہے، جسے منی ہسپتال کا درجہ حاصل ہے اور جس میں ابتدائی طبی امداد کی تمام سہولیات موجود ہیں۔
