
ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صنعت و حرفت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشاد نے چینی سرکاری کمپنی کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں صوبے کے مختلف شعبوں، بالخصوص معدنیات، رئیل سٹیٹ اور سیاحت میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے دوران مشیر نے چینی وفد کا خیرمقدم کیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت چینی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی کاروباری شراکت داریوں کے قیام میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔اجلاس میں ایچ میک گروپ کے چیئرمین اور خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (کے پی بوئٹ) کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ملاقات کا مقصد صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کا جائزہ لینا، مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنا اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
