معاونِ خصوصی اطلاعات وتعلقات عامہ خیبر پختونخوا شفیع جان نے گزشتہ روز محکمہ اطلاعات کے اطلاع سیل سیکشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انچارج اطلاع سیل ڈپٹی ڈائریکٹر نثار محمد نے معاون خصوصی کو تفصیل بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اطلاع سیل میڈیا مانیٹرنگ، نیوز کلپنگ، میڈیا ٹرینڈز کے تجزیے اور حکومتی بیانیے کی مؤثر تشہیر کے لیے 24/7 کام کرتا ہے۔ اس سیل کے ذریعے صوبائی حکومت کے فلاحی اقدامات اور پالیسیوں کی بروقت اور درست معلومات عوام اور میڈیا تک پہنچائی جاتی ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے اس موقع پر انفارمیشن سیل کے افسران اور عملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا مانیٹرنگ اور معلومات کی بروقت فراہمی جدید طرز حکمرانی کا ایک اہم حصہ ہے۔ محکمہ اطلاعات کا یہ یونٹ نہ صرف حکومتی اقدامات کو درست انداز میں سامنے لانے میں مدد دیتا ہے بلکہ غلط معلومات کی روک تھام اور مؤثر پالیسی کمیونیکیشن میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے تقاضوں کے مطابق مزید مستحکم کیا جائے گا، تاکہ حکومتی بیانیہ مؤثر، منظم اور مربوط انداز میں عوام تک پہنچ سکے۔
