داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ٹرانسمیشن لائن سے متعلق اہم اجلاس، معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے قومی گرین انرجی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا

محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا میں داسو تا اسلام آباد 765 کلو واٹ ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان، سیکرٹری جنگلات جنید خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ کی ہدایات کے مطابق معاون خصوصی کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی درخواست پر صوبائی کابینہ کی ہدایات کی روشنی میں منصوبے سے متعلق تمام ضروری امور اور تکنیکی نکات پر جامع ہوم ورک کیا جا رہا ہے تاکہ اس قومی اہمیت کے حامل منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایک انتہائی اہم گرین انرجی منصوبہ ہے، جس کے ذریعے بجلی کو قومی گرڈ تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کمپنی وفاقی حکومت کی وزارت توانائی کے تحت ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے عمل میں لا رہی ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس میگا ہائیڈل منصوبے کی مجموعی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4320 میگاواٹ ہے، جو ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بجلی کی مؤثر ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے مانسہرہ اور اسلام آباد میں جدید پاور ہب گرڈ اسٹیشنز بھی قائم کئے جائیں گے۔بریفنگ میں منصوبے کے ماحولیاتی فوائد پر بھی روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ اس منصوبے سے کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی، فوسل فیول کے استعمال میں کمی اور ماحول دوست گرین انفراسٹرکچر کی ترقی ممکن ہو سکے گی، جو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کی مجموعی لاگت کا 2 فیصد رائلٹی خیبرپختونخوا کو حاصل ہوگی، جبکہ 0.2 فیصد حصہ محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کو فارسٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے طور پر دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس فنڈ کے ذریعے صوبے میں جنگلات کی بحالی، تحفظ اور ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں گے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے تمام ضروری ہوم ورک مکمل کرکے اسے حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔شفیع جان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صاف، سستی اور ماحول دوست توانائی کے فروغ کے لئے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف و سرسبز خیبرپختونخوا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی وژن کے تحت ایسے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے جو نہ صرف توانائی کے شعبے کو مضبوط کریں بلکہ ماحول کے تحفظ اور جنگلات کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پائیدار ترقی اور گرین اکانومی کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، سرسبز اور خوشحال ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں