اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کے قافلے پر حملہ افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے،معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے بنوں میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر دو پولیس اہلکاروں اور ایک راہگیر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی، اپنے دفتر سے جاری بیان میں شفیع جان نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے قافلے پر حملہ انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی کی شہادت صوبے اور ان کے خاندان کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔صوبے کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،معاون خصوصی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف ہماری قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔ پوری قوم شہید اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی سمیت تمام شہداء کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔ شفیع جان نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے،مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

مزید پڑھیں