معاونِ خصوصی اطلاعات شفیع جان کی زیرِصدارت کوہاٹ میں ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات سے متعلق اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کی زیرِصدارت ڈپٹی کمشنر آفس کوہاٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کوہاٹ شہر میں جاری اور آئندہ مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، بنیادی شہری سہولیات اور مجموعی انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) عامر علی شاہ، خیبرپختونخوا سٹیز امپروومنٹ پروجیکٹ کے چیف انجینئر، سوئی ناردرن گیس کے نمائندگان، اربن ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام اور رکنِ قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے فوکل پرسن قاسم زبیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوہاٹ شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گیس لائنوں کی تنصیب، نکاسی آب، شہری خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار و معیار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں، بین الاداراتی مسائل اور عوامی شکایات پر بھی غور کیا۔ معاونِ خصوصی اطلاعات شفیع جان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے، مکمل ہم آہنگی اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر سے بچا جا سکے اور عوام کو درپیش مسائل کا بروقت، مؤثر اور دیرپا حل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق شہری سہولیات کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کوہاٹ جیسے اہم شہر کی ترقی میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے منصوبوں کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل پر خصوصی زور دیا۔اجلاس کے دوران مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو واضح ٹائم لائنز کے ساتھ ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تاکہ کوہاٹ کے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں اور شہر کی مجموعی ترقی کا عمل مزید تیز ہو۔

مزید پڑھیں