وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں، سوشل میڈیا نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے آن لائن اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں۔کھلی کچہری میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بقایاجات کی ادائیگی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ اس مقصد کے لیے فنڈز کے اجرا کو صوبائی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخبارات کو اشتہارات کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ متحرک ہے اور جلد اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ صوبے کے دس اضلاع میں ریڈیو سٹیشنز قائم ہیں جن کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ مزید اضلاع میں بھی ریڈیو سٹیشنز کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو اسٹیشنز کی توسیع سےحکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکے گاشفیع جان نے کہا کہ اخبارات کو اشتہارات کی تقسیم کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے جبکہ موجودہ حالات میں اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ اشتہارات کی تقسیم میں خیبرپختونخوا کے اخبارات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلبز کے لیے ایکٹ اور رولز متعارف کرائے جا رہے ہیں جس سے پریس کلبوں کے اندرونی تنازعات میں کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ مختلف پریس کلبز میں تنازعات کے حل کے لیے کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں اور پریس کلبز کو بروقت گرانٹس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم ہے جس کے ذریعے ان کی فلاح کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے بھی قواعد و ضوابط متعارف کرائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئی ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے رمضان سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو 12 ہزار 500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے سے دس لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہونگے۔ اس کی تقسیم جاری ہے اور ابتک دو لاکھ سے زائد خاندان کو رقم موصول ہوچکی ہے۔شفیع جان نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد کو 2200 روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ کسانوں کے لیے بھی الگ ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور کی ترقی کے لیے دو سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پانچ ہزار بیڈ پر مشتمل جدید ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے جو حکومتی اقدامات اور پالیسیوں سے عوام کو بروقت آگاہ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں