نظامت کھیل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام نیشنل جونیئر چیمپئن شپ پشاور 2026 کا شاندار آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شفیع جان اور مشیر کھیل تاج محمد ترند نے کھیلوں کے مقابلوں کا باضابطہ افتتاح کیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ اس ایونٹ میں صوبے کے مختلف محکموں کے ساتھ ملک کے دیگر صوبوں سے بھی نوجوان کھلاڑی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوران چھ مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ پانچ کھیلوں میں خواتین کھلاڑی بھی بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہیں، جو کھیلوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی اور مواقع کی فراہمی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل صرف جیت اور ہار کا نام نہیں بلکہ یہ نظم و ضبط، برداشت، سپورٹس مین شپ اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا عملی درس دیتے ہیں۔ جو کھلاڑی اپنی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہیں اور اپنی کمزوریوں سے سیکھتے ہیں، وہ مزید مضبوط ہو کر آگے بڑھتے ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ چیمپئن شپ میں سکواش، بیڈمنٹن، والی بال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس سے قبل بھی قومی سطح کے متعدد کھیلوں کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے اور چند ماہ قبل عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد اس کی واضح مثال ہے۔انہوں نے افتتاحی تقریب کے شاندار انتظامات پر نظامت کھیل خیبر پختونخوا کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت نے مدارس، خواتین، نوجوانوں اور اقلیتی برادری کے لیے بھی مختلف سطحوں پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد یقینی بنایا ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی، جدید سہولیات کی فراہمی اور نوجوان ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔شفیع جان نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت قومی تشخص کے قیام میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی
بعد ازاں انھوں نے ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے ۔
