صحافی برادری کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے وعدے پورے کیے جائیں گے، شفیع جان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کی زیر صدارت کوہاٹ میڈیا کالونی کی تعمیر سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات مطیع اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ زاہد خان، پریس رجسٹرار محکمہ اطلاعات انصار اللہ خلجی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کوہاٹ میڈیا کالونی کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ میڈیا کالونی کے لیے 40 کنال اراضی مختص کی جا چکی ہے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات شفیع جان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کوہاٹ میڈیا کالونی کے لیے بلا تاخیر کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ منصوبے کی ڈیزائننگ، منصوبہ بندی اور دیگر تکنیکی مراحل جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔شفیع جان نے کہا کہ صحافی برادری کو رہائشی سہولیات کی فراہمی سے متعلق کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں میڈیا کالونیوں کے قیام کے لیے فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا کالونیوں کے منصوبوں پر پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ صحافی برادری کو عملی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا

مزید پڑھیں